عیدالاضحیٰ پر لاہور میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، لیسکو کا اعلان

عوام کے لیے عیدالاضحیٰ سے قبل خوشخبری سامنے آگئی، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے عید کے تینوں دن اپنے تمام علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شہری عید کی خوشیوں سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ عملہ تین مختلف شفٹوں میں فرائض انجام دے گا۔ اس کے علاوہ شکایات کے فوری ازالے اور بجلی کی ترسیل کی نگرانی کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مطابق لیسکو ہیڈکوارٹر میں ایک خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا جو عید کے دوران بجلی کی فراہمی اور فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی کرے گا۔

Comments are closed.